بیروت،27جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)لبنان میں شام کی سرحد کے نزدیک واقع قصبہ القاع یکے بعد دیگرے ہونے والے خود کش دھماکوں سے لرز اٹھا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکے پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق چار بجے لبنانی کسٹم کے مرکز کے نزدیک ہوئے۔سرکاری ایجنسی کے مطابق چاروں خود کش دھماکوں میں 4حملہ آور اور 5شہری ہلاک ہوئے جب کہ زخمیوں کی تعداد 15رہی۔ ایجنسی کے مطابق ہر دھماکے کے درمیان 10منٹ کا وقفہ تھا۔ادھر لبنانی صلیب احمر کے سکریٹری جنرل جارج کتانہ کے مطابق کارروائیوں میں 3 خود کش حملہ آوروں سمیت کم از کم 8افراد ہلاک اور 15زخمی ہوئے۔دوسری جانب لبنانی فوج نے علاقے میں مزید خودکش حملہ آوروں کی موجودگی کے امکان سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خود کو گھروں تک پابند رکھیں۔